Home / پاکستان / عمران خان مائنس ہونگے یا نہیں ؟ صف اول کے پاکستانی کالم نگار نے ایک شاہ جی کی پیشگوئی قوم کے سامنے رکھ دی

عمران خان مائنس ہونگے یا نہیں ؟ صف اول کے پاکستانی کالم نگار نے ایک شاہ جی کی پیشگوئی قوم کے سامنے رکھ دی

لاہور (ویب ڈیسک)عمران خان ایسی پہنچی ہوئی ہستی ہیں کہ ان کی ہر بات ہر حال میں حقیقت بنتی ہے۔ یہ الگ بات کہ قبولیت ان کے کہنے سے بالکل الٹ قبول ہوتی ہے۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا۔ اس سال کے آخر تک ملک میں تقریباً تقریباً ایک کروڑ لوگ نوکریوں سے ہاتھ دھو لیں گے۔

نامور کالم نگار خالد مسعود خان اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔پچاس لاکھ گھروں کا اعلان فرمایا: اللہ نہ کرے‘ لیکن لگتا ہے کہ پچاس لاکھ لوگ بے گھر ہو جائیں گے۔ ملک میں ٹورازم کو فروغ دینے کا اعلان کیا۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کا بوریا لپیٹا جا رہا ہے اور ملازمین فارغ کیے جا رہے ہیں۔ سٹیل ملز کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کا دعویٰ کیا تھا‘ سٹیل ملز کے ملازمین کو مستقل فارغ کرنے کا منصوبہ پایہ تکمیل کی طرف رواں دواں ہے۔ خان صاحب نے پی آئی اے کو دوبارہ دنیا کی بہترین ائیر لائن بنانے کا اعلان کیا تھا اب صورتحال یہ ہے کہ ان کے نابغہ وزیر ہوا بازی کے صرف ایک بیان نے پی آئی اے کا وہ حشر کر دیا ہے جو مشاہداللہ خان ٹائپ کے یونین لیڈرز نے اپنا آدھا خاندان پی آئی اے میں بھرتی کروا کر بھی اس کا عشرعشیر نہیں کیا تھا۔ وزیر موصوف کے اس ایک بیان کا نتیجہ یورپی ممالک میں چھ ماہ کی پروازوں کی بندش کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ ابھی مزید پابندیاں راہ میں منتظر کھڑی ہیں۔ ریلوے کا بیڑہ غرق ہو چکا ۔ پاور سیکٹر میں سرکلر ڈ یبٹ اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے اور محض سود کی مد میں ماہانہ اربوں روپے ڈوب رہے ہیں۔ ادارے بہتری کے بجائے مزید زوال کی طرف رواں ہیں اور افسوس اس بات کا ہے کہ کسی کو اس تنزلی اور بربادی کا احساس تک نہیں ہورہا۔ اب‘ خان صاحب نے مائنس ون کو خارج از امکان قرار دیا ہے تو دل دھڑک اٹھا ہے کہ خان صاحب کے بیانات کی قبولیت کی شرح سو فیصد ہے یہ الگ بات کہ بیانات اور نتائج ایک دوسرے کے بالکل الٹ نکلتے ہیں۔ ایسی صورت میں جبکہ خان صاحب مائنس ون کے امکانات کو صفر قرار دے رہے ہیں گزشتہ ریکارڈ کو سامنے رکھتے ہوئے اس بیان کا نتیجہ اخذ کریں تو وہ سو فیصد مائنس ون نکلتا ہے۔ ویسے بھی یہ بات تاریخی طور پر طے شدہ ہے کہ جب حکومت‘ خواہ وہ کسی کی بھی ہو‘ اپنی مضبوطی کے بارے میں بیان جاری کرے تو سمجھ جائیں کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔ اب ہوتا کیا ہے؟ یہ تو فی الحال پردہ ٔغائب میں ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ کیونکہ غیبی طاقتوں نے کرنا ہے اس لیے یہ عاجز کچھ کہہ نہیں سکتا۔ ہاں ! شاہ جی نے مخبری کی ہے کہ شاہ محمود قریشی صاحب نے احتیاطاً ایک بار پھر اپنی شیروانی ڈرائی کلین کروا لی ہے اور تین چار مختلف رنگوں کی واسکٹیں بھی سلنے کے لیے دے دی ہیں۔ واللہ اعلم حقیقت کیا ہے تاہم شاہ جی یہ بات بڑے یقین کے ساتھ کر رہے تھے۔

Share

About admin

Check Also

بجلی بلوں میں شامل اہم ٹیکس ختم : صارفین کو ادا شدہ رقم واپس کرنے کا اعلان کردیا گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بجلی کے صارفین کو اربوں روپے کا ریلیف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Powered by themekiller.com